کرک (ڈیلی اردو) دہشت گردوں کی انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ سے سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں ضلع بنوں اور ضلع کرک کے سرحدی علاقے تخت نصرتی میں انسداد پولیو مہم جاری تھی کہ نامعلوم دہشت گردوں نے ٹیم پرفائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ فائرنگ کے نتیجے میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
ڈی پی او کرک کا کہنا ہے کہ شرپسندوں کی فائرنگ سے پولیو ٹیم محفوظ رہی ہے، ہلاک اہلکار کی میت قریبی ہسپتال منتقل کردی گئی ہے جب کہ واقعے کی نوعیت جاننے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں بالعموم اور صوبہ خیبر پختونخوا میں بالخصوص انسداد پولیو کے لیے کئے جانے والے اقدامات کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے کئی رضاکار اور پولیس اہلکار ہلاک بھی ہوئے ہیں۔