افغانستان: مزار شریف میں افغان فوج کی گاڑی پر فائرنگ، 2 خاتون اہلکار ہلاک، 3 زخمی

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان میں خاتون اہلکاروں کو لے جانے والی فوجی گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق افغان صوبے بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں خاتون فوجی افسران اور اہلکاروں کو لیکر جانے والی فوجی گاڑی پر نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 2 خاتون اہلکار ہلاک اور 3 زخمی ہوگئیں، اہلکاروں کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ حملے میں مرد ڈرائیور بھی زخمی ہوا۔

تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی منفرد پُرتشدد کارروائی ہے کیوں کہ عمومی طور پر خاتون اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنایا جاتا۔

افغان فوج کے ترجمان حنیف رازی نے میڈیا کو حملے میں جانی و مالی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے کی تحقیقات جاری ہے اور قریبی علاقے میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ گاڑی خاتون فوجی افسران و اہلکاروں کو لے کر آرمی بیس آرہی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں