امریکا نے عراقی ملیشیا الحشدالشعبی کے لیڈر ابو فدک المحمداوی کو ‘دہشت گرد’ قرار دے دیا

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا نے ایران کی حمایت یافتہ عراق کی شیعہ ملیشیاؤں پر مشتمل الحشدالشعبی یونٹس (پی ایم یو) کے لیڈر اور کتائب حزب اللہ کے سابق سیکریٹری جنرل ابوفدک المحمداوی کو خصوصی عالمی دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ پہلے ہی کتائب حزب اللہ کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ اس نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ کتائب حزب اللہ 2006ء میں قائم کی گئی تھی۔ یہ ایران کی حمایت یافتہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور خطے میں اسی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔ اس نے عراق میں دہشت گردی کے متعدد واقعات کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ان میں دھماکا خیز مواد سے حملے، راکٹ گرینیڈوں سے حملے اور اسنائپروں کی کارروائیاں شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کتاب حزب اللہ حال ہی میں عراق کے سرکاری وسائل کی چوری، ہلاکتوں، اغوا اور پُرامن مظاہرین اور کارکنان پرتشدد کے واقعات میں ملوّث رہی ہے۔

بیان کے مطابق محمداوی الگ سے ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کی بیرون ملک کارروائیوں کی ذمہ دار القدس فورس کے ساتھ مل کرکام کرتے رہے ہیں۔ ان کا مقصد عراق کے سرکاری سیکیورٹی اداروں کی اس انداز میں تنظیم نو کرنا تھاکہ وہ عراقی ریاست کے دفاع اور داعش کے خلاف لڑنے کے بجائے خطے میں ایران کی تخریبی سرگرمیوں کی معاونت کریں۔ ان میں شام میں اسد رجیم کا دفاع بھی شامل ہے۔

محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ابو فدک کو دہشت گرد قرار دینے کا مقصد انہیں دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں کے لیے وسائل سے محروم کرنا ہے۔ امریکی پابندیوں کے تحت ابو فدک کے امریکا میں موجود تمام اثاثے ضبط کرلیے گئے ہیں۔ اسی طرح امریکیوں کے زیر قبضہ ان کے اثاثے بھی آج کے بعد ضبط متصور ہوں گے۔ نیز کوئی بھی امریکی ان کے ساتھ کسی قسم کا کوئی کاروباری لین دین نہیں کرسکے گا۔

واضح رہے کہ ابو فدک کو گذشتہ جمعہ کو الحشدالشعبی کا نیا لیڈر مقرر کیا گیا تھا۔ ان کے پیش روالحشد الشعبی کے سابق ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس گذشتہ سال تین جنوری کو بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک امریکا کے ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ اس فضائی حملے کا اصل ہدف ایران کی القدس فورس کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی تھے۔

عراق کے متعدد سیاست دانوں اور کارکنان نے بتایا تھا کہ گذشتہ جمعہ کو الحشد الشعبی یونٹس کے بورڈ کا اجلاس ہوا تھا اور اس میں المحمداوی کو نیا کمانڈر مقرر کیا گیا تھا۔

ایران کے سرکاری چینل پریس ٹی وی نے پی ایم یو کے ایک عہدہ دار ابوعلی البصری کے حوالے سے بتایا ہے کہ عراق کی مسلح افواج کے چیف کمانڈر آیندہ چند روز میں ابو فدک کے تقررنامے پر دستخط کردیں گے۔

ابوفدک کا اصل نام عبدالعزیزالمحمداوی ہے۔ وہ ’’الخال‘‘ (چچا) کے عرفی نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔ وہ مقتول میجر جنرل قاسم سلیمانی کے قریبی دوستوں میں شمار ہوتے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں