میران شاہ (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بنوں میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں میرعلی بائی پاس روڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ڈاکٹر ولی اللہ داوڑکو قتل کیا اور واقعہ کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ولی اللہ داوڑ کا تعلق میرعلی کے ہرمز گاؤں سے ہے اور وہ بنوں میڈیکل کالج میں پتھالوجی کے پروفیسر تھے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر ولی اللہ ہر ہفتے اور اتوار کو میرعلی میں مریضوں کے چیک اپ کیلئے آتے تھے۔ اسی سلسلے میں وہ اپنی گاڑی میں رات 10 بجے کے قریب بنوں سے میرعلی میں اپنے نواحی گاؤں ہرمز جارہے تھے کہ اس دوران انہیں نشانہ بنایا گیا ،جہاں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی لاش کو میرعلی ٹی ایچ کیو ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کردیا گیا جبکہ واقعہ کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔