بھارت: جیش الہند نے اسرائیلی سفارتخانے پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

نئی دہلی (ڈیلی اردو) بھارت کے دارالحکومت دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب ہونے والے بم دھماکے کی ذمہ داری جیش الہند نامی تنظیم نے قبول کرلی۔

تفصیلات کے مطابق دہلی میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب گزشتہ روز معمولی نوعیت کا دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا تھا تاہم اس حملے میں جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق میسجنگ ایپ ٹیلی گرام کے ذریعے جیش الہند نامی تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقتور ترین اللہ کی مہربانی اور مدد سے جیش الہند نے ہائی سیکیورٹی زون میں آئی ای ڈی حملے کو انجام دیا، یہ حملوں کے سلسلے کی شروعات ہے، اب اہم بھارتی شہروں کو نشانہ بنایا جائے گا اور بھارتی حکومت کے مظالم کا بدلہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس “داعش”نے بھی اسی حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم بھارتی سیکیورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ اس حملے میں داعش کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ہیں تاہم اس سلسلہ میں تحقیقات جاری ہیں جبکہ بھارتی حکومت نے اسرائیلی حکومت کو یقین دہانی کراوئی ہے کہ وہ سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں