راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب لوئر دیر میں کارروائی کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک افغان بارڈر کے قریب لوئر دیر میں آپریشن دہشت گردوں کی در اندازی کی کوشش ناکام بنانے کیلئے کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئ جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور گرنیڈ برآمد ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں میں عابد اور یوسف خان کا تعلق سوات جبکہ عبدالستار کا تعلق مردان سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد 2019 میں سوات میں ٹارگٹ کلنگ کے کئی واقعات میں ملوث تھے اور انہوں نے کئی عمائدین کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی افراد نے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کو سراہتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔