راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستان نے بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ میزائل زمین سے زمین 290 کلومیٹر تک روایتی اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
پاکستان نے اپنے دفاع کو مضبوط بناتے ہوئے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل ‘غزنوی’ کا کامیاب تجربہ کر کے دفاعی صلاحیت میں اضافہ کر لیا ہے۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ میزائل 290 کلومیٹر تک مختلف اقسام کے وار ہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل تجربہ سالانہ فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز کے تحت کیا گیا۔ اس موقع پر سینئر عسکری حکام، سائنسدان، انجینئرز موجود تھے۔
کمانڈر اسٹریٹیجک فورسز کمانڈ نے ویپن سسٹم کے مشاہدے اور تجربے کو سراہا جبکہ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کی تجربے میں شامل جوانوں کے تربیتی معیارکی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیلسٹک میزائل غزنوی کے کامیاب تجربے پر صدر مملکت، وزیراعظم اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی۔