بلوچستان: سبی میں دھماکا، 16 افراد زخمی، بی آر اے نے ذمہ داری قبول کرلی

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبہ بلوچستان کے ضلع سبی کے لونی روڈ پر ایک دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع سبی میں یوم یکجہتی کشمیر ریلی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا، حملے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

سبی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او وزیر خان مری نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار شر پسند لونی چوک پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے۔

پولیس حکام کے مطابق پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کا محاصرہ کرلیا ہے، اور زخمیوں کو سول ہسپتال سبی میں منتقل کرکے طبی امداد دی جارہی ہے،

پولیس حکام کے مطابق دھماکے کے زخمیوں میں 2 بچے بھی شامل ہیں جبکہ 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ایک شدید زخمی کو تشویشناک حالت میں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

دوسری جانب کالعدم تنظیم بلوچ ریپلکن آرمی (بی آر اے) نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ ترجمان کے مطابق کشمیر ریلی کو دستی بم سے نشانہ بنایا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں