اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے پاکستانی خاتون کے مبینہ اغوا کی کوشش ناکام بنادی۔ اغوا کی کوشش میں مبینہ طورپر ملوث چینی باشندے زوان لی زہنگ (Xuan Lezhang) کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایف پی اے ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون سلویا کو اس کے والد سے چینی شہری نے مبینہ طور پر چار لاکھ روپے کے عوض خریدا تھا۔ ایئرپورٹ پر جب امیگریشن حکام نے چینی باشندے سے اس کی دستاویزات دیکھ کر سوالات کیے تو وہ انہیں مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اسی دوران سلویا نے ایف آئی اے حکام کو بتایا کہ اس کے والد نے پانچ لاکھ روپے کے عوض اسے فروخت کیا ہے اور وہ اپنے والدین کے پاس جانا نہیں چاہتی ہے۔
سلویا نے والد پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ اس سے قبل اسے ایک حبشی کو فروخت کیا گیا تھا۔
امیگریشن حکام کو سلویا نے یہ بھی بتایا کہ قطر ایئرپورٹ پر اس نے احتجاج کیا تھا جس پر وہاں کے حکام نے اسے پاکستان بھیجا ہے۔
ذرائع کے مطابق سلویا نے مؤقف اپنایا ہے کہ اگر اسے دوبارہ والد کے پاس بھیجا گیا تو وہ ایک مرتبہ پھر فروخت کردی جائے گی۔
سرگودھا سے تعلق رکھنے والی سلویا نے ایف آئی اے حکام سے کہا کہ چینی شہری اسلام آباد میں پرکاش نامی پاکستانی کے ساتھ مل کر میرج بیورو کا کاروبار کرتا ہے۔
ایف آئی اے حکام نے سلویا اور چینی باشندے کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا ہے جہاں دونوں سے باقاعدہ تفتیش و تحقیق کی جائے گی تاکہ حقائق کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔
ایف آئی اے حکام نے چینی باشندے کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز شروع کر دیا ہے