نیو یارک + واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسیاں) اقوام متحدہ (یو این) اور امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور دیگر سیکٹرز پر جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایل او سی جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اوربھارت کی طرف سے جاری مشترکہ بیان سے حوصلہ ملا۔
انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ امید ہے دونوں ممالک میں مزید بات چیت کی راہ ہموار ہوگی۔ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر نے بھی سیز فائر معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔
امریکہ نے بھی جنگ بندی سے متعلق پاکستان اور بھارت کے مشترکہ اعلامیہ کاخیرمقدم کیا ہے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس جین ساکی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دونوں ملکوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اس پیشرفت کومزید آگے بڑھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر جنگ بندی جنوبی ایشیا میں امن اوراستحکام کیلئے مثبت پیشرفت ہے، جنوبی ایشیا میں وسیع تر امن اور استحکام ہم سب کے مفاد میں ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان ایل او سی اوردیگر سیکٹرز پر سیز فائر کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے کہا تھا کہ رابطے کے نتیجے میں 2003 کے سیزفائر کی انڈر اسٹیڈنگ پر من وعن عمل ہوگا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بھارت ڈی جی ایم اوزمیں ہاٹ لائن کے موجودہ میکنزم کے حوالے سے رابطہ ہوا جس میں ایل او سی اور دیگر سیکٹر ز کی صورتحال کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔
میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق ڈی جی ایم اوزکے درمیان ہاٹ لائن رابطے کے موجودہ طریقہ کار پر مذاکرات ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دیرپا اور باہمی مفاد امن کی خاطر دونوں اطراف کا کور ایشوز، تحفظات حل کرنے کے لیے اتفاق ہوا اور ایل اوسی و دیگر سیکٹرز پر فائر بندی کے حوالے سے معاہدوں پر عمل پیرا ہونے کا اعادہ کیا گیا۔