رنگون (ڈیلی اردو) میانمار میں فوجی بغاوت کے خلاف جاری ملک گیر احتجاج کے دوران آج پولیس کی فائرنگ سے 2 مظاہرین کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ميانمار ميں فوج کی بغاوت کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرين پر طاقت کا استعمال کیا گیا، پوليس کی فائرنگ سے مزید دو مظاہرین ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
پولیس کے تازہ کريک ڈاؤن ميں دو مظاہرین کی ہلاکت کے بعد دو فروری سے شروع ہونے والے مظاہروں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ پوليس نے رنگون سميت کئی ديگر شہروں ميں مظاہرين کو منتشر کرنے کے ليے آنسو گيس استعمال کی اور چند مقامات پر فائرنگ بھی کی۔ کئی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
اقوام متحدہ میں تعینات میانمار کے سفیر نے جنرل اسمبلی سے فوج کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تا کہ ملک میں جمہوریت بحال ہوسکے، سفیر کو فوج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرنے پر فوجی حکومت نے عہدے سے برطرف کر دیا۔
مظاہرین جمہوری حکومت کی بحالی اور اسیر معزول رہنما آنگ سان سوچی کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں جب کہ فوجی قیادت نے اعلان کیا ہے کہ ایک سال میں شفاف الیکشن کروائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ميانمار ميں يکم فروری کو فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر ليا تھا اور تب سے ملک گير سطح پر احتجاجی مظاہرے جاری ہيں۔