برلن (ڈیلی اردو) صحافیوں کی عالمی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) نے ترکی میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے خلاف کرمنل کیس دائر کردیا۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نےجرمنی کی عدالت میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر انسانیت کے خلاف جرائم کا کیس دائر کیا۔
سیکرٹری جنرل آرایس ایف کرسٹوف ڈیلائر کا کہناہے کہ جرمن پراسیکیوٹر جمال خاشقجی کے قتل کے معاملے پر ایکشن لیں۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی کو بین الاقوامی قوانین سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں امریکا نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے متعلق انٹیلی جنس رپورٹ دو سال بعد جاری کی تھی جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صحافی جمال خاشقجی کو پکڑنے یا قتل کرنے کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں آپریشن کی منظوری دی۔
لیکن سعودی عرب نے امریکی رپورٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹ اور غلط بیانی پر مبنی قرار دیا تھا۔