سری نگر (ڈیلی اردو/کے ایم ایس) مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی نے ذہنی دباو کے سبب سرکاری رائفل سے گولی مار کر خودکشی کر لی۔
کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق بھارتی اہلکار کی شناخت تری وید کے نام سے ہوئی ہے۔ ضلع کپواڑہ کی فوجی چھاونی میں فائرنگ کی آواز گونجی جس پر دیگر اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے تو تری وید زمین پر پڑا تھا جبکہ ارد گرد خون بکھرا ہوا تھا، ہسپتال منتقلی پر ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ ہلاک فوجی کی لاش آبائی علاقے کی جانب روانہ کر دی گئی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی کرنل اور دو اہلکاروں نے بھی خودکشی کرلی تھی، اس طرح رواں ماہ خودکشی کرنے والے بھارتی فوجیوں کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔