امریکی ریاست کولاراڈو میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی ریاست کولاراڈو میں فائرنگ سے پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق ریاست کولاراڈو کے شہر باؤلڈر میں مسلح شخص نے ایک سپرمارکیٹ میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اب تک ایک پولیس افسر سمیت 10 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجے پیش آیا جب شہر کے مشرقی علاقے میں واقعے کنگ سپر مارکیٹ میں مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لیا ہے تاہم اس سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص اور واقعے سے متعلق ایک نیوز کانفرنس میں تفصیلات بتائی جائیں گی۔

سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ زیر حراست شخص زخمی حالت میں ہے اور اسے طبی امداد دی جارہی ہے جب کہ علاقے کو پوری طرح سے کلیئر کردیا گیا ہے۔

شہری انتظامیہ کا کہنا ہےکہ واقعے کے بعد سکیورٹی حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے ہیں جس سے اب تک یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ مسلح شخص کی فائرنگ کا مقصد کیا تھا۔

حکام کے مطابق واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے اور اب تک ان کے نام جاری نہیں کیے جاسکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی امریکی شہر اٹلانٹا میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں