امریکی ریاست فلاڈیلفیا میں فائرنگ، 7 افراد زخمی، 4 کی حالت تشویشناک

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکا کی ریاست فلاڈیلفیا میں شراب خانے کے باہر مسلح شخص کی فائرنگ سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ نامعلوم مسلح شخص نے شراب خانے کے باہر کھڑے لوگوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم فائرنگ کر کے فرار ہوگیا تاہم اس کی تلاش جاری ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ زخمی ہونے والے 4 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

مقامی نیوز چینل کے مطابق جمعہ کی شام ہونے والی فائرنگ کے بعد گولف اینڈ سوشل اسپورٹس شراب خانے کے اندر جھگڑا ہوا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلح فرد نے شہر کے شمال میں مصروف ڈیلویر ایوینیو کے پہلو پر جمع ہجوم پر فائرنگ کی۔

حکام نے بتایا کہ پولیس کو 2 زخمی افراد اسٹور جبکہ 2 دیگر زخمی افراد شراب خانے کے اندر سے ملے۔

انہوں نے بتایا کہ تین زخمیوں کو نجی گاڑی میں ہسپتال پہنچایا گیا۔

پولیس کو وقوعہ سے 21 گولیوں کے خول ملے ہیں۔

اس سے قبل 23 مارچ کو امریکا کی مغربی ریاست کولوراڈو کے علاقے بولڈر میں ایک مسلح شخص نے سپر مارکیٹ میں فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں جائے وقوع پر پہنچنے والے پہلے پولیس افسر سمیت 10 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ مذکورہ واقعے سے چند روز قبل ہی امریکا کی ریاست جارجیا کے شہر اٹلانٹا اور ایک نواحی علاقے میں 3 مساج پارلرز میں فائرنگ سے خواتین سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں سے اکثر ایشیائی نژاد تھے۔

امریکا میں اسلحہ بآسانی دستیاب ہونے کے باعث بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں جس کے باعث انسانی حقوق کی تنظیمیں ہتھیاروں کے قوانین کو مزید مؤثر بنانے کا پرزور مطالبہ کرتی ہیں۔

گزشتہ برس نومبر میں امریکی ریاست نیویارک میں رات گئے منعقد پارٹی میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک اور 14 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں