سکھر (ڈیلی اردو) سندھ پولیس نے ہندو صحافی اجے لالوانی کے قتل کے الزام چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان سکھر پولیس بلال لغاری کے مطابق اجے لالوانی کے قتل میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے آلہ قتل بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم رضا شاہ اور جمیل شاہ نے اجرتی قاتلوں سے اجے لالوانی کو قتل کرایا جبکہ گرفتار ملزمان میں اکبر منگریو اور جانب میرانی بھی شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق قتل کے حوالے سے ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب پولیس نے صحافی اجے لالوانی کے قتل کے الزام میں گرفتار چار ملزمان کی تصاویر بھی جاری کردی ہے۔
خیال رہے کہ صحافی اجے لالوانی کو سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے صالح پٹ میں 17 مارچ کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا تھا تاہم 18 مارچ کو اجے لالوانی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مقامی ہسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔