کورونا وائرس: اسلام آباد تبلیغی اجتماع ملتوی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع ملتوی کردیا گیا۔

حکومت سے مشاورت کے بعد تبلیغی اجتماع کی مرکزی شوریٰ نے ہدايت جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں موجود تمام جماعتیں انتظامیہ سے تعاون کی پاپند ہوں گی۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ تبلیغی جماعت کے انتہائی مشکور ہیں کہ انہوں نے میری درخواست پر اسلام آباد میں ہونے والا سالانہ تبلیغی اجتماع ملتوی کردیا۔

وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد میں سالانہ تبلیغی اجتماع یکم سے 4 اپریل تک ہونا تھا تاہم کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر انہوں نے تبلیغی جماعت کے منتظمین سے اجتماع ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے منظور کرلیا گیا۔

خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور کورونا مریضوں کے لیے مختص ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز بھر گئے ہیں اور مزید گنجائش نہیں جبکہ کورونا مریضوں کے علاج کے لیے مزید 15 سرکاری اور نجی ہسپتال مختص کردیے گئے ہیں۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جبکہ تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند کرنے سمیت کورونا کے حوالے سے پابندیوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 269 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد ایک کروڑ ایک لاکھ 53 ہزار 36 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا سے مزید 100 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہزار 356 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ برس 11 جون کو تقریباً 9 ماہ پہلے ایک دن میں 101 اموات ریکارڈ ہوئی تھیں۔

کورونا کی تیسری لہر کے دوران یہ کووڈ سے اموات کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ کورونا سے سب سے زیادہ ہلاکتیں صوبہ پنجاب اور اس کے بعد خیبر پختونخوا میں ہوئی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں