افغانستان: ہرات میں کار بم دھماکا، 6 اہلکار ہلاک

کابل (ڈیلی اردو) افغانستان کے صوبے ہرات میں کار بم دھماکے اور طالبان کے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کے نتیجے میں 6 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے ہرات میں طالبان کے سیکیورٹی فورسز پر حملوں اور بم دھماکے کے نتیجے میں 6 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ہرات کے گورنر وحید قتالی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان نے پشتون زرغون، شندند اور اوبے ضلع میں سیکیورٹی فورسز پر حملے کیے، چیک پوسٹ پر حملے کے بعد انٹیلجنس ایجنسی کے دفتر پر کار بم دھماکا کیا گیا جس میں 4 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

گورنر ہرات وحید قتالی کے مطابق طالبان کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر جوابی کارروائی کی جس کے باعث متعدد طالبان بھی مارے گئے تاہم ابھی تک طالبان کی جانب سے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

دوسری جانب پولیس چیک پوسٹ پر بم دھماکے کے نتیجے میں مزید 2 اہلکار ہلاک ہوگئے اور دیگر زخمی ہوگئے جن کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں