مکہ مکرمہ: مسجد الحرام سے کالعدم تنظیم داعش کا مسلح دہشت گرد گرفتار

ریاض (ڈیلی اردو) مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کی پہلی منزل سے سعودی سیکیورٹی فورسز نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کا ایک مسلح دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق مسجد الحرام کی پہلی منزل سے گرفتار مسلح دہشت گرد تنظیموں کے حق میں نعرے بازی بھی کررہا تھا-

سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ’حرم سکیورٹی فورس نے 30 مارچ 2021 منگل کو ایک مسلح شخص کو مسجد الحرام کی پہلی منزل پر عصر کے بعد گھومتے اور دہشت گرد تنظیموں کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ وہ تیز دار آلے سے لیس تھا‘۔ جسے گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

مکہ مکرمہ کی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار شخص کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل اکتوبر 2020 میں ایک شخص نے اپنی تیز رفتار گاڑی مسجد الحرام کے دروازے سے ٹکرا دی تھی۔

مذکورہ شخص نے 2 رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے گاڑی جنوبی داخلی دروازے سے ٹکرائی جس پر گارڈز فوری طور پر اس تک پہنچے بعدازاں حکام نے کہا کہ مذکورہ شخص کی ‘ذہنی حالت ٹھیک نہیں’۔

قبل ازیں جون 2017 میں سعودی حکام نے مسجد الحرام میں ایک حملے کو منصوبہ ناکام بنایا تھا۔

وزارت داخلہ نے مسجد الحرام کے نزدیک واقع علاقے اجیاد المصافی کے ساتھ ساتھ جدہ میں چھاپے مارے تھے۔

جس کے دوران فورسز نے مبینہ حملہ آور کے گھر کا گھیراؤ کیا جہاں اہلکاروں اور حملہ آور کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا۔

خودکش حملہ آور کے خود کو دھماکے سے اڑانے کے نتیجے میں 3 منزلہ عمارت تباہ ہوگئی تھی جس میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد زخمی ہوئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں