بنگلہ دیش: مسافر کشتی اور کارگو جہاز میں تصادم، 26 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ

ڈھاکا (ڈیلی اردو) بنگلہ دیش میں مسافر بردار فیری اور کارگو جہاز کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم 26 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ دارالحکومت ڈھاکا کے جنوب میں دریائے شیتا لکھیا میں پیش آیا جہاں 100 سے زائد مسافروں سے بھری چھوٹی مسافر کشتی ایک کارگو جہاز سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی۔

حکام کے مطابق فیری میں 50 افراد سوار تھے اور حادثے کے بعد متعدد لاپتا ہیں۔

بنگلادیشی میڈیا کے مطابق اتوار کے روز پیش آنے والے حادثے میں اب تک 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، 5 لاشیں گزشتہ روز ہی نکال لی گئی تھیں جبکہ مزید 21 لاشیں پیر کے روز نکالی گئیں۔

پولیس اور عہدیداروں نے بتایا کہ مسافروں میں سے کچھ تیر کر ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

علاوہ ازیں رپورٹ میں بتایا گیا کہ متاثرہ افراد کے رشتے دار اپنے پیاروں کی تلاش میں دریا کے کنارے پر موجود تھے۔

ادھر پاکستان میں دفتر خارجہ نے واقعے میں ‘قیمتی جانوں کے ضیاع’ پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے بنگلہ دیش کی حکومت اور لوگوں اور سوگوار خاندانوں سے ‘دلی تعزیت’ کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں