سری نگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر مزید 10 ہزار بھارتی فوجی تعینات، 200 سے زائد افراد گرفتار
آرٹیکل 35 اے کی متوقع سماعت کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی احتجاج کی اپیل سے بھارت بدحواس ہوگیا اور مزید 10 ہزار فوجی وادی میں بھیج دیےگئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے، مشترکہ مزاحمتی قیادت میں شامل رہنما یاسین ملک کو گزشتہ روز سری نگر میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا جبکہ قابض فورسز نے 200 سے زائد کشمیریوں کو بھی گرفتار کرلیا۔
مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب سے متعلق آرٹیکل 35 اے کی متوقع سماعت پر حریت رہنما سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسمین ملک کی جانب سے احتجاج کی اپیل کی گئی ہے جس کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں مزید 10 ہزار بھارتی فوجی بھیج دیے گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں کی گرفتاریوں اور آرٹیکل 35 اے کی منسوخی کی کوششوں کے خلاف آج مکمل ہڑتال کی جا رہی ہے جبکہ سری نگر میں دفعہ 144 کے تحت پابندیاں نافذ ہیں۔
سری نگرمیں کاروباری، تجارتی مراکز بند، سڑکیں ویران ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ میں کل آرٹیکل 35 اے کو ختم کرنے سے متعلق سماعت متوقع ہے۔