ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کی نیوی نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے تجارتی بندرگاہ ینبع میں بارود سے بھری کشتی کا حملہ ناکام بنادیا۔
سعودی وزارتِ دفاع کے ترجمان بریگیڈئیر جنرل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ ’’سعودی بحریہ نے صبح 6 بج کر 40 منٹ پر بحیرہ احمر میں بارود سے لدی اس کشتی کو سراغ لگا کر روکا تھا اور اس کو کسی حملے سے قبل ہی تباہ کردیا ہے۔‘‘
سعودی میڈیا کے مطابق اتحادی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ اس حملے کی کوشش کے پیچھے کون تھا اس کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کی جاری ہیں۔
سیکیورٹی فرام ڈرائیڈ گلوبل نے اس سے قبل کہا تھا کہ ’’این سی سی دمام کے آئل ٹینکر‘‘ پر حملے کی غیر مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں تاہم چیف ایگزیکٹو عبد اللہ الدوبائخی نے تردید کرتے ہوئے بتایا تھا کہ سعودی عرب بحریہ کی نیشنل شپنگ کمپنی کے ملکیت والے کسی بھی جہاز پر حملہ نہیں کیا گیا۔
اسی طرح میری ٹائم سیکیورٹی فرم نیپچون پی 2 پی گروپ نے اطلاع دی ہے کہ ینبع بندرگاہ کے جنوبی دروازے کے قریب سیاہ دھواں دیکھا جا رہا ہے۔ حملے میں سعودی بحریہ کے کسی قسم کے نقصان کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی کے دوران حوثی باغیوں نے کئی بار سعودی حدود میں آئل تنصیبات اور ہوائی اڈے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں اور آبی گولوں سے آئل ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا ہے تاہم اس حملے کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔