کوالالمپور (ڈیلی اردو) ملائیشین پولیس نے کہا ہے کہ شمالی بورنو کی ریاست صباح میں ایک خصوصی کارروائی کے دوران ابو سیاف گروہ کے 5 مشتبہ ممبران کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
صباح کے پولیس کمشنر حازانی غزالی نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ دہشتگرد گروہ کیخلاف کارروائی گزشتہ روز سہ پہر کے وقت کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے دروازے پر دستک دی اور بطور پولیس اپنی شناخت کرائی۔ ایک مشتبہ شخص نے دورازہ کھولا اور فائرنگ شروع کر دی۔ اسی اثناء میں ہر طرف سے پستولوں اور خنجر سے لیس کئی دیگر مشتبہ افراد بھی نکل آئے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم کی جوابی فائرنگ سے 20 سے 50 سال تک عمر کے 5 مشتبہ افراد ہلاک ہو گئےہیں۔
مقامی اخبار سٹار نے رپورٹ کیا ہے کہ مارے جانیوالے افراد میں سے ایک شخص کے بارے میں خیال ہے کہ وہ گروہ کا ایک ذیلی رہنماء مابربندا ہے جو فلپائنی حکومت کو بھی مطلوب ہے۔
فلپائن، ملائیشیا اور انڈونیشیا کے سہ فریقی سرحدی علاقہ میں متحرک ابوسیاف گروہ اغواء، مہلک بم دھماکوں، سیکورٹی اہلکاروں پر حملوں اور دیگر مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔