15

غزہ پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں میں فلسطینی صحافی ہلاک

غزہ (ڈیلی اردو/شِنہوا) غزہ پٹی پر اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں کے نتیجے میں ایک مقامی صحافی سمیت 5 فلسطینی مارے گئے ہیں۔ غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے فضائی حملے 10 دن سے جاری ہیں۔

طبی عملہ نے بدھ کے روز بتایا کہ مارے جانیوالے صحافی کی شناخت یوسف ابو حسین کے نام سے ہوئی ہے جو حماس کے زیرانتظام غزہ میں قائم ریڈیو اسٹیشن “الاقصیٰ ریڈیو” کیلئے کام کرتا تھا۔ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ شہر کے شمال میں ایک اپارٹمنٹ کو براہ راست نشانہ بنایا اور اسے ہلاک کر دیا۔

3 دیگر فلسطینی شہری صبح صادق کے وقت غزہ شہر کے ایک اور اپارٹمنٹ پر اسرائیل کے فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

عینی شاہدین اور سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے مغرب میں واقع رمال محلے کے ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملے کے دوران ایک خاتون ہلاک ہو گئی ہے، مزید بتایا کہ غزہ میں کیے جانیوالے الگ الگ فضائی حملوں میں 8 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں اور توپ خانے نے رات گئے اور بدھ کی صبح غزہ کی پٹی میں عمارتوں، اپارٹمنٹس اور سڑکوں پر درجنوں حملے کیے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے بدھ کے روز کہا ہے کہ غزہ پر حالیہ اسرائیلی بمباری کے باعث 222 فلسطینیوں کی موت ہو چکی ہے اور 1 ہزار 530 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا رپورٹس اور سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 10 دنوں میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر فائر کیے گئے راکٹوں کے باعث 2 غیر ملکی مزدوروں سمیت 12 اسرائیلی ہلاک ہوئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں