واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکہ کی مغربی ریاست نیواڈا میں لاس ویگاس کے نزدیک ایک فوجی طیارہ گر کر تباہ ہونے کے باعث ایک پائلٹ ہلاک ہو گیا ہے۔
نیلس ایئرفورس بیس کے حکام نےایک بیان میں کہا کہ ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے والا ایک ہوائی جہاز مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 30 منٹ ( رات 2 بجکر 30 منٹ پاکستانی وقت) پر بیس کے جنوبی کنارے کے باہر گر کر تباہ ہو گیا ہے۔
بیان کے مطابق یہ طیارہ فلوریڈا سے تعلق رکھنے والی ایک کمپنی ڈریکن کی زیر ملکیت اور زیر استعمال تھا جس کا نیلس ایئر فورس بیس سے ہوائی مدد فراہم کرنے کا معاہدہ تھا۔
حکام نے بتایا کہ پائلٹ کی شناخت سے متعلق معلومات تاحال جاری نہیں کی گئی ہیں اور جہاز پر کوئی دوسرا اہلکار سوار نہیں تھا۔
کے ٹی این وی ٹی وی اسٹیشن نے رپورٹ کیا کہ اس اڈے کو فوجی اور ٹھیکیداروں کی زیر ملکیت ہوائی جہازوں کے ذریعے کی جانیوالی مشقوں اور تربیتی عمل کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔