5

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں بدھ تک بارشیں جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بادل برسیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا سسٹم ملک میں داخل ہو گیا، پنجاب کے مختلف شہروں میں ابرکرم برسے گا۔

لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں بھی بادل برسنے کی پیش گوئی ہے۔ مالاکنڈ، ہزارہ، کشمیر اور گلگت بلتستان اور پارا چنار میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ بارش کا یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں سردی کا راج برقرار ہے، کالام میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گیارہ درجے نیچے ہے جبکہ استور میں منفی 08، سکردو منفی 06، قلات منفی 05، ہنزہ منفی 04، پارا چنار منفی 03 اور کوئٹہ میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت، 5، لاہور 9، فیصل آباد 8، ملتان 10، پشاور 6 اور کراچی 17 ریکارڈ کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں