وانا (دین محمد وزیر) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں لینڈ مائنز کا ایک اور واقعہ پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق تحصیل مکین گاؤں پال سپین قمر کا رہائشی رابوالدین ولد نانبوت خان اپنے گاؤں کے قریب اس وقت لینڈ مائن کا شکار ہواجب وہ معمول کے مطابق گھر کے قریب ایک پہاڑی پرچڑھ رہا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بارودی سرنگ کی وجہ سے رابوالدین کا ایک پاؤں کٹ گیا ہے جسے شدید زخمی حالت میں علاج کیلئے بنوں ہسپتال منتقل کردیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ ضلع جنوبی وزیرستان میں اس سے قبل اس طرح کے 173 واقعات ہوئے ہیں اور یہ 174 واں واقعہ ہے،لیکن حکومت نے لینڈ مائن کو صاف کرنے کیلئے اب تک کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں اور لینڈ مائنز کی وجہ سے وقتا فوقتاً قیمتی انسانی جانیں ضائع اور معذور ہورہے ہیں۔
مقامی عمائدین کا کہنا ہے کہ لینڈ مائنز کے ان دھماکوں میں کئی قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ اب تک 235 افراد معذور ہوچکے ہیں جو کہ حکومت اور ایوانوں میں بیٹھے اعلی قیادت کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔