ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے تحت افغان امن معاہدے کے حوالے سے اجلاس کا آغاز ہوگیا ہے جس میں پاکستان اور افغانستان کے علما شرکت کررہے ہیں۔
اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے سفیر رضوان شیخ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے جنگی حالات میں لاکھوں افغان خاندانوں کی مہمان نوازی کی۔
ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دانشوروں کو ان گروپوں کو امن پر راضی کرنے کی کوشش کرنی ہوگی جو آج بھی امن پر یقین نہیں رکھ رہے۔
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر بلال اکبر نے کہا کہ افغان امن کی صورت میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام کو تقویت ملے گی، افغانستان میں امن کی خوشی سب سے زیادہ پاکستان کو ہوگی۔
افغان سفیر کا کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ میں کانفرنس کا مقصد 4 عشروں سے جاری جنگ کا خاتمہ ہے، مکہ کانفرنس، جنگ اور تباہی کو ترجیح دینے والے عناصر کے نام کھلا پیغام ہے۔