نائیجیریا میں مسلح افراد نے 5 اساتذہ سمیت 80 طلبہ کو اغوا کرلیا

ابوجا (ڈیلی اردو) نائیجیریا میں اسلحہ بردار حملہ آوروں نے پولیس اہلکار کو قتل کرکے اسکول سے 5 اساتذہ اور 80 طالبات کو اغوا کرلیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نائیجیریا میں مسلح افراد نے ایک ہفتے کے دوران تیسرے اسکول پر حملہ کیا ہے۔ اسکول کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار حملہ آوروں کو روکنے کی کوشش میں فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔

پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد حملہ آور اسکول میں داخل ہوگئے۔ مسلح افراد نے 5 اساتذہ اور 80 طالبات کو اغوا کرلیا اس دوران مزاحمت پر ایک طالبہ کو گولی مار کر اسکول میں ہی چھوڑ گئے۔

حملے میں محفوظ رہنے والے ایک استاد نے عالمی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ زخمی طالبہ کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ چند ماہ سے جاری طلبا کو اغوا کرنے کی وارداتوں کی وجہ بھاری تاوان کا ملنا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اسکول کے قریبی جنگلات میں سرچ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

مسلح افراد نے پچھلے جمعے کو ملک کے شمال مشرقی علاقے سے 317 بچیاں اغوا کی تھیں، جن میں سے 279 کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

اغوا کے حالیہ واقعات

فروری کے وسط میں ریاست نائجر میں ایک اسکول سے چوالیس افراد کو اغوا کر لیا گیا تھا، جن میں اکثریت بچوں کی تھی۔

اس واردات سے تین روز پہلے اسی ریاست میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک شادی سے لوٹنے والے بیس افراد کو اٹھا لیا۔ ان تمام افراد اور اس سے پہلے اغوا کیےجانے والوں کو پچھلے ہفتے ہی بازیاب کرایا گیا تھا۔

اسی طرح دسمبر میں شمال مغربی ریاست کاٹسینا سے اغوا کیے جانے والے تین سو بچے کو بھی بعد میں رہا کرا لیا گیا تھا۔

اس سے پہلے اسکولوں پر ایسی وارداتیں اسلامی شدت پسند تنظیم بوکو حرام اور داعش کا مغربی افریقہ کا گروپ کرتا تھا۔ مگر اب یہ طریقہ کار نائیجیریا کے شمال مغرب میں مسلح گروہوں نے اپنا لیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں