راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ ہم نے جواب دینے کے لیے وقت اور جگہ کا تعین کرلیا ہے اب بھارت انتظار کرے۔
جی ایچ کیو راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران جنرل آصف غفور نے کہا کہ کہتے ہیں کہ بے وقوف دوست سے دانا دشمن اچھا ہوتا ہے، بھارت پاکستان دشمنی میں بھی بےوقوفی اور جھوٹ کا سہارہ لیتا ہے۔بھارتی میڈیا کہتا ہے کہ بھارتی جنگی طیارے 21 منٹ تک پاکستان میں رہے اور انہوں نے 350 سے زائد افراد کو ہلاک کیا۔ بھارت آئے اور 21 منٹ پاکستان میں رہ کر دکھائے۔ بھارت کو واضح کیا تھا کہ اگر حملہ ہوا تو فوری جواب آئے گا۔بھارت زمین پر آتا تو اس کو ویسا جواب ملتا جو ہم نے پلان کیا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چند روز سے بھارت اور پاکستان کےدرمیان کشیدگی جاری ہے، رات کے وقت ہماری ٹیم معمول کی پرواز پر تھی، ریڈار پر بھارتی طیاروں کی پہلی پوزیشن لاہور سیالکوٹ سیکٹر کی جانب بڑھتے ہوئے دیکھی گئی۔ لیکن بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کو عبور کیا۔ آزاد کشمیر کے راستے خیبر پختونخوا کے علاقے بالاکوٹ تک آئے اور واپسی میں جبہ کے مقام پر 4 بم گرائے۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، کوئی ایک اینٹ بھی نہیں ٹوٹی،اگر کوئی انفراسٹرکچر تباہ ہوتا تو وہاں ملبہ ہوتا۔موسم کی خرابی کی وجہ سے صحافیوں کونہیں لے جاسکے۔ پاک فضائیہ حالت کی کشیدگی کے تناظر میں تواترسے پیٹرولنگ کررہی ہے، ہم نے کہا تھا کہ بھارت نے حملہ کیا تو ہم اسے حیران کردیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دو جمہوریتیں کبھی آپس میں نہیں لڑتیں۔ بھارت نے ثابت کیا ہے کہ وہاں جمہوریت نہیں ہے، ہمارے ہاں جمہوریت ہے، ہمارے یہاں اتفاق رائے ہے، ہم سب ایک ہیں، بھارت ہماری جوابی کارروائی کا انتظار کرے، بھارت کو جواب دینے کے لیے تمام آپشن کھلے ہیں، ہم نے خطے میں امن کے لیے بہت نقصان برداشت کرلیا، اب ہم آپ کو سرپرائز دیں گے، آپ انتظار کریں، ہم نے جواب دینے کے لیے جگہ اور وقت کا تعین کرلیا۔
میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی طیاروں نے ٹھکانے تباہ کئے ہیں تو کہاں ہے ملبہ اور لاشیں؟ بھارت پاکستانی فوجی تنصیب پر حملہ کرنے کا فیصلہ کرتا تو وہ ایل اوسی کراس کیے بغیر کرسکتا تھا۔ بھارتی فضائیہ کا مقصد شہری آبادی کو نشانہ بنانا تھا