صنعاء (ڈیلی اردو/شِنہوا) یمن کی حوثی ملیشیا نے طلوع آفتاب کے وقت ایک بارود سے لدے ڈرون کی مدد سے سعودی عرب کے شاہ خالد ایئر بیس کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
حوثیوں کے زیرانتظام المسیرہ ٹی وی پر نشر ہونیوالے ایک بیان میں حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا کہ حملے میں ہدف کو درست طور پر نشانہ بنایا گیا۔
تاہم سعودی عرب کی زیر ملکیت العربیہ ٹی وی نے خبر دی ہے کہ سعودی فضائی دفاع نے ملک کے جنوب مغربی شہر خمیس مشیط کی جانب بھیجے جانیوالے ڈرون کو روک کر تباہ کر دیا ہے۔
فروری کے بعد سے حوثیوں کی جانب سے سرحد پار سے میزائل اور ڈرون حملے تب سے بڑھ گئے ہیں ،جب اس گروہ نے یمن کے وسطی علاقے میں تیل سے مالا مال صوبہ مارب پر قبضہ کرنے کیلئے سعودی عرب کی حمایت یافتہ یمن کی سرکاری فوج کیخلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کی تھی۔
یمن 2014 کے بعد سے ہی خانہ جنگی کی لپیٹ میں ہے جب حوثی ملیشیاء نے ملک کے متعدد شمالی صوبوں پر قبضہ کرکے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کردہ صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت کو دارالحکومت صنعاء سے نکلنے پر مجبور کر دیا تھا۔
سعودی قیادت میں عرب اتحاد نے مارچ 2015ء میں ہادی حکومت کی حمایت کیلئے یمنی تنازعہ میں مداخلت کی تھی۔