لاہور (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے صوبائی حکومت لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ پر مسیحی برادری کے مذہبی سینٹر میں آگ لگنے سے 3 خواتین دم گھٹ کر ہلاک ہو گئیں۔
آتشزدگی کا افسوس ناک واقعہ رائیونڈ روڈ پر سفاری پارک کے نزدیک سینٹ تھامس سینٹر کی بالائی منزل پر پیش آیا جہاں مذہبی تعلیم حاصل کرنے والی 24 خواتین رہائش پذیر تھیں۔
آگ پرانے فرنیچر کے اسٹور میں لگی جس سے عمارت میں دھواں بھرگیا، دم توڑ نے والی 22 سالہ نیلم، 25 سالہ ونیزہ اور 42 سالہ روبیکا ایک ہی کمرے میں مقیم تھیں، دھواں پھیلا تو تینوں گھبرا کر باتھ روم میں گھس گئیں جہاں دم گھٹنے سے تینوں بے ہوش ہو گئیں، واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے انہیں ہسپتال منتقل کیا جہاں تینوں دم توڑ گئیں۔
سینٹر انتظامیہ کے مطابق روبیکا قصور کے گاؤں تارا گڑھ، ونیزہ اوکاڑہ اور نیلم ساہیوال کی رہائشی تھی جب کہ تینوں کچھ دن پہلے یہاں آئی تھیں، ہلاک ہونے والی تینوں خواتین کے ورثاء کو اطلاع کر دی گئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ سے لگی اور آگ بجھانے کی کوشش میں ایک ریسکیو اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے رائیونڈ روڈ سفاری پارک کے قریب گرلز ہاسٹل میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔
وزیراعلیٰ نے آتشزدگی سے خواتین کے ہلاک ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کا اظہار کیا۔ عثمان بزدار نے جاں بحق خواتین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمشنر لاہور ڈویژن اور سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ زخمی خواتین کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔