سڈنی (ویب ڈیسک) مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کے قریبی ساتھی اور پاپائیت کے مرکز ویٹی کن کے خزانچی رہنے والے 77 سالہ آسٹریلوی پادری جارج پیل کو بچوں سے جنسی زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر جیل بھیج دیا گیا۔
جارج پیل کے خلاف آسٹریلوی خصوصی عدالت میں مئی 2018 خفیہ کارروائی جاری تھی اور انہیں دسمبر 2018 میں جیوری کی جانب سے مجرم قرار دیا گیا تھا۔
تاہم انہیں کم سن بچوں سے جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیے جانے کا فیصلہ خفیہ رکھا گیا تھا لیکن حال ہی میں عدالت نے اپنے فیصلہ سنایا۔
گزشتہ روز ہی جارج پیل کے خلاف پہلی بار عوامی سماعت ہوئی تھی اور خصوصی عدالت نے عوام اور میڈیا کو بتایا کہ پادری کو بچوں سے جنسی زیادتی کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔
خصوصی عدالت کی جانب سے جارج پیل کو مجرم قرار دیے جانے کے بعد 27 فروری سے انہیں سزا سنانے کی کارروائی کا آغاز ہوا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق سزا سنائے جانے کی عدالتی کارروائی کا آغاز ہوا تو جارج پیل کے وکیل نے ان کی ضمانت کی درخواست دی تاہم عدالت نے اسے مسترد کر دیا۔