17

پاک بھارت کشیدگی: ترک وزیر خارجہ کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

انقرہ (ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی پر ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، ترک وزیر خارجہ نے اپنی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ترک ہم منصب کو بھارت کی طرف سے کی جانے والی دراندازی اور خطے میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن ہم اپنی سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے، ہم بھارتی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

ترک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے، مسئلہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا حل بات چیت سے نکالا جاسکتا ہے، خطے میں قیام امن کے لیے ترکی پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے دونوں ملکوں کو صبرو تحمل سے کام لینے کا مشورہ دیا گیا ہے، امریکا نے بھی کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مزید عسکری سرگرمیاں نہیں ہونی چاہئیں۔

پاکستان کے دوست ملک چین نے بھی احتیاط سے کام لینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان وہ اقدامات کریں جس سے خطے میں استحکام اور دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں