اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مجھے 1965 کی جنگ والا ماحول نظر آ رہا ہے، آج کی رات بہت اہم ہے، بھارت دوبارہ حملہ کر سکتا ہے، پوری قوم تیار رہے۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج کی رات بہت اہم ہے، ہم تیار ہیں ، مجھے اس وقت 1965 کی جنگ والا ماحول نظر آرہاہے ، پوری قوم تیار رہے، بھارت دوبارہ حملہ کرسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خدا کرے کے بھارت ہوش کے ناخن لے اور حد میں رہے، میں عالمی برداری کو دعوت دیتا ہوں کہ امن کی خواہش رکھنے والے ممالک آکر دونوں ملکوں کا موقف سنیں جو ملک خطے میں امن چاہتے ہیں، وہ کردار ادا کریں،
امریکہ وزیر خارجہ پومپیو نے مجھے کہاہے کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بات ہوئی ہے، پومیپیو چاہتے ہیں کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے کردار ادا کیا جائے، ہمیں امریکہ کی مجبوریوں کا احسا س ہے، پومپیو سے کہاہے کہ خطے میں امن کیلئے اقدامات امریکہ کے مفاد میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمیں مایوس نہیں کرے گا اور سعودی عرب بھی کردار ادا کرے گا۔ او آئی سی کو بھارت کودعوت دینے پر نظر ثانی کرنا ہوگی ، بھارت او آئی سی کا ممبر نہیں اور اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی نے یہ ساراناٹک سیاست اور الیکشن کیلئے رچایا ،جس راستے پر ہم نہیں چلنا چاہتے ، بھارت ہمیں مجبور نہ کرے ۔