کراچی (ڈیلی اردو) پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستانی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فضائی حدود آج بھی مکمل طور پر بند رہے گی، ملک بھرکے تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن معطل رہے گا۔
بھارت کی جانب سے سرحدی خلاف ورزی اور پاکستان کی زبردست جوابی کارروائی کے بعد کشیدہ صورتحال کے پیش نظر پاکستان کی فضائی حدود بند کردی گئی ہے۔
فضائی حدود بند ہونے سے ملکی وغیر ملکی تمام ایئرلائنزکا آپریشن معطل رہے گا، سول ایوی ایشن کے نوٹم میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود جمعرات کی رات12بجے تک بند رہے گی۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے بھی پاکستان آنے والی تمام پروازیں معطل ہیں، سعودی عرب، برطانیہ، یورپ اورمڈل ایسٹ جانے والی پروازیں بھی معطل رہیں گی۔
اس کے علاوہ اندرون ملک جانے والی پروازوں کا آپریشن بھی معطل رہے گا، اس سلسلے میں تمام ایئرلائنز نے فضائی حدود بند ہونے سے متعلق اپنے مسافروں کو آگاہ کردیا۔