نئی دہلی (ڈیلی اردو/بی بی سی) ممبئی پولیس نے بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی کے شوہر اور معروف بزنس مین راج کندرا کو پورن فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپس پر نشر کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ پورن فلموں کے اس معاملے کے اہم ملزم ہیں اور پولیس کے پاس ان کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔
راج کندرا کو کل ممبئی پولیس کی کرائم برانچ میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا۔ کئی گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گيا۔ اس معاملے کی تفتیش ابھی جاری ہے۔
ابھی تک راج کندرا کے گھر والوں یا شلپا شیٹی کی طرف سے کوئی بیان جاری نہیں گیا ہے۔ کندرا کو منگل کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔
ممبئی پولیس نے فلم میں اداکاری کے لیے جد وجہد کرنے والی بعض لڑکیوں کی شکایت پر فروری میں دو فلم اداکاراؤں سمیت پانچ افراد کو لڑکیوں کو فحش فلمیں بنانے کے لیے مجبور کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ’یہ لوگ فلموں اداکاری کرنے کی خواہش رکھنے والی ان لڑکیوں کو ویب سیریز میں رول دینے کا وعدہ کرتے اور جب وہ مقررہ روز شوٹنگ پر جاتیں تو ان کی سکرپٹ بدل دی جاتی اور انہیں پورن فلمیں شوٹ کرنے کے لیے مجبور کیا جاتا۔ اگر وہ انکار کرتیں تو ان کو دھمکیاں دی جاتیں اور ان سے شوٹنگ کے انتظامات کا پورا بل ادا کرنے کے لیے کہا جاتا۔ یہ فلمیں ممبئی کے نواح میں مڈس آئی لینڈ اور دوسرے مقامات پر کرائے کے بنگلوں میں شوٹ کی جاتی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان فحش فلموں کے لیے کئی موبائل ایپس بنائے گئے تھے جن پر یہ فلمیں نشر کی جاتی تھیں۔ ان ایپس پر صارفین یہ فلمیں ماہانہ فیس کے ذریعے دیکھ سکتے تھے۔ ان میں سے کئی ایپس کے صارفین لاکھوں میں تھے۔
فحش فلموں کی یہ ایپس کورونا کی وبائی بیماری کے دوران لاک ڈاؤن میں بہت مقبول ہوئیں۔ پولیس اس معاملے کی دو زاويوں سے تفتیش کر رہی تھی۔ ایک تو یہ کہ وہ کون لوگ ہیں جو یہ فحش فلمیں بنا رہے ہیں اور دوسرے وہ لوگ جو اسے او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے طرز پر موبائل ایپس پر نشر کر رہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ان فلموں کو نشر کرنے والی ایک کمپنی سے کندرا کا تعلق ہے۔
راج کندرا پراپرٹی، کان کنی، سپورٹس، سٹاک مارکیٹ اور ہوٹل جیسے کئی شعبوں میں کاروبار کر رہے ہیں۔ انھوں نے بالی وڈ میں فلم سازی اور سپورٹزمیں بھی پیسہ لگا رکھا ہے۔ آئی پی ایل کی ٹیم راجستان رائلز کی ملکیت میں بھی وہ حصے دار تھے۔
راج کندرا پر 2012 میں آئی پی ایل میں میچ فکسنگ کا بھی الزام لگا تھا۔ سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں اس وقت پولیس نے کندرا کے علاوہ کئی کرکٹ کھلاڑیوں کو بھی گرفتار کیا تھا۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر قائم کی گئی ایک کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر چنئی سپر کنگس اور راجستھان رائلز پر دو سال کے لیے پابندی لگا دی گئی تھی اور کندرا پر بعض ديگر افراد کے ساتھ تاحیات پابندی عائد کردی گئی تھی۔