اسلام آباد (ویب ڈیسک) برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو مسائل باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں، خطے میں امن واستحکام برطانیہ کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔
یہ بات انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے کہی،
تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کیا۔
اس موقع پر خطے میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا گیا، دونوں وزرائے خارجہ نے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اپنی گفتگو میں جیریمی ہنٹ کا کہنا تھا کہ خطے میں امن واستحکام برطانیہ کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے۔
پاکستان اور بھارت کو مسائل باہمی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
اسی لیے وزیر اعظم عمران خان نے پلوامہ حملے کے بعد بھارت کو شواہد فراہم کرنے پر تحقیقات میں تعاون کا یقین دلایا تھا اور وزیراعظم نے آج پھر بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔