اسلام آباد (ڈیلی اردو) حکومت نے فورتھ شیڈول میں سامل افراد پر عائد پابندیاں مزید سخت کردیں‘ شیڈول میں شامل افراد بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے‘ کوئی قرضہ لے سکیں گے اور نہ ان کو کریڈٹ کارڈ جاری کئے جائیں گے‘ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال کے بعد 13کروڑ 15 لاکھ روپے ضبط کرلئے گئے‘ شیڈول میں شامل افراد کے اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔
پیر کو حکومت نے فورتھ شیڈول میں شامل افراد پر پابندیاں مزید سخت کردیں۔ مشکوک افراد کے پاسپورٹ معطل اور ان کے بنک اکاؤنٹس منجمد کردیئے گئے۔ شیڈول میں شامل افراد کوئی قرضہ نہیں لے سکیں گے اور نہ بیرون ملک کا سفر کرسکیں گے۔
فورتھ شویڈل میں شامل افراد کے اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کردیئے گئے ہیں۔ مزید سختیاں وزارت داخلہ کے احکامات اور نیکٹا کی نشاندہی کے بعد عائد کی گئی ہیں۔
فورتھ شیڈول میں شامل تمام افراد کو نئی فہرست بھی امیگریشن حکام کے حوالے کردی گئی اور شیڈول میں شامل تمام افراد کے بنک اکاؤنٹس کی بھی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے۔
دستاویز کے مطابق اسٹیٹ بنک کو چھ ہزار ایک سو بائیس بنک اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم کیا گیا ہے اب تک اسٹیٹ بنک نے چار ہزار آٹھ سو تریسٹھ اکاؤنٹس کو منجمد کیا ہے۔ منجمد کئے گئے اکاؤنٹس سے تیرہ کروڑ پندرہ لاکھ روپے ضبط کرلئے گئے ہیں۔
نیکٹا کی سفارش پر شیڈول میں شامل تمام افراد کے اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔