طالبان افغانستان کے آدھے سے زیادہ ضلعی مراکز پر کنٹرول رکھتے ہیں، امریکی جنرل مارک ملی

واشنگٹن (ڈیلی اردو/وی او اے) امریکی محکمۂ دفاع (پینٹاگون) نے اعتراف کیا ہے کہ طالبان، افغانستان کے آدھے سے زیادہ ضلعی مراکز پر کنٹرول رکھتے ہیں۔ لہٰذا آنے والے مہینے افغان حکومت کی قیادت اور عزم کا امتحان ہوں گے۔

امریکہ کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے بدھ کو پینٹاگون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اندازے جو ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان افغانستان کے اطراف میں تیزی سے مختلف علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے رہے ہیں، وہ حقیقت سے دُور نہیں ہیں۔

وائس آف امریکہ کے جیف سیلڈن کی رپورٹ کے مطابق مارک ملی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کے 212 ضلعی مراکز جو کہ ملک کے کل اضلاع کا تقریباً نصف بنتے ہیں۔ اس وقت طالبان کے کنٹرول میں ہیں اور طالبان جنگجو ملک کے 34 میں سے 17 صوبائی دارالحکومتوں کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔

جنرل ملی نے کہا کہ “ایسا لگتا ہے کہ اسٹریٹیجک مومینٹم طالبان کے پاس ہے۔”

جنرل مارک ملی نے کہا کہ “طالبان کوشش کر رہے ہیں کہ وہ آبادی کے بڑے مراکز کو الگ تھلگ کر دیں۔ وہ یہی کچھ کابل کے ساتھ کر رہے ہیں، وہ بہت سے علاقوں کا کنٹرول حاصل کر چکے ہیں۔”

یہ اعتراف افغانستان سے امریکہ اور اتحادی افواج کے اپنے باقی ماندہ فوجی نکالنے کے عمل کے ڈھائی ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ باوجود اس کے کہ امریکہ کے چوٹی کے عہدیداروں اور صدر جو بائیڈن نے یقین دہانی کرائی تھی کہ طالبان کا افغانستان پر قبضے کا امکان نہیں ہے۔

لیکن واشنگٹن میں قائم ادارے ‘فاؤنڈیشن فار ڈیفنس آف ڈیموکریسیز’ کے جریدے ‘لانگ وار جرنل’ نے اس بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جب سے غیر ملکی افواج نے افغانستان سے انخلا شروع کیا ہے، طالبان نے اپنے کنٹرول والے اضلاع کی تعداد تین گنا کر لی ہے۔

گزشتہ ماہ اقوامِ متحدہ کی ایک رپورٹ میں متعدد انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے کہا گیا تھا کہ طالبان وہ کچھ حاصل کرنے کے لیے بے تاب نظر آتے ہیں جو وہ مذاکرات کی میز پر حاصل نہیں کر سکے تھے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا تھا کہ طالبان کے کمانڈرز افغان تنازع کے فوجی حل پر مصر ہیں۔

جنرل ملی نے جب جون میں کانگریس کو افغان صورتِ حال سے متعلق بریفنگ دی تھی تو اس وقت طالبان نے 81 ضلعی مراکز پر کنٹرول حاصل کیا تھا جب کہ اب یہ تعداد دو گنا ہو گئی ہے۔

جنرل ملی نے خبردار کیا کہ طالبان کا یہ مؤقف مان لینا بھی ایک غلطی ہو گی کہ افغانستان کی سیکیورٹی فورسز بالکل اُن کا مقابلہ نہیں کر پا رہیں۔ ان کے بقول افغانستان کی سیکیورٹی فورسز اضلاع سے اس لیے بھی پیچھے ہٹ رہی ہیں کہ وہ خود کو زیادہ منظم کر سکیں اور ان کی سوچ یہ ہے کہ آبادی کو محفوظ بنایا جائے۔ اور زیادہ تر آبادی صوبائی دارلحکومتوں میں رہتی ہے۔

کیا افغانستان کی فوج طالبان کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے؟

ادھر امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی بدھ کو صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ افغان سیکیورٹی فورسز اور حکومت کی مدد کے لیے پر عزم ہے۔

تاہم دوسری جانب امریکی حکومت کے حلقوں کے اندر یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ آیا افغان سیکیورٹی فورسز طالبان کے سامنے ٹھیرنے کی اہلیت رکھتی ہیں یا نہیں۔

بدھ کو پینٹاگون نے بتایا کہ افغان مترجمین اور ان افراد کا پہلا گروپ جلد امریکہ پہنچ رہا ہے جن کی زندگیاں افغانستان کے اندر خطرے میں ہو سکتی ہیں۔

وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ ”یہ امریکہ کے دوست ہیں جنہوں نے مثالی طور پر بڑا حوصلہ مندانہ کام کیا ہے اور ہم ان کے لیے اور ان کے خاندان کے لیے اپنی ذمے داریوں کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں۔”

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں