کرم: تمام خطرات سے پاکستان کا دفاع ہر قیمت پر کریں گے، آرمی چیف قمر باجوہ

پاراچنار + راولپنڈی (محمد صادق/کاشف محمود) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افواج پاکستان ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کا دورہ کیا اور پاک افغان سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ انہوں نے وطن کے دفاع کے لئے جوانوں کے بلند حوصلے اور عزم کو سراہا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جوانوں سے گفتگو میں آپریشنل تیاریوں اور بارڈر سکیورٹی کے لئے موثر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سپہ سالار نے پاک افغان سرحد پر فارمیشن کی جانب سے بارڈ کی تنصیب کو بھی سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج بدلتے چیلنجز کے پیش نظر سرحدوں پر مؤثر سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہر خطرے سے نمٹنے کے لئے پاک فوج تیار ہے۔ سپہ سالار نے سول انتظامیہ کی سکولوں، ہسپتالوں اور مقامی آبادی کی بحالی کی کاوشوں میں مدد پر جوانوں کو سراہا۔

دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ممتاز صحافی عارف نظامی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلخانہ سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کے درجات بلند کرے اور ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں