لاہور (ڈیلی اردو) لاہور کے علاقے کاہنہ میں اے ایس پی پر قاتلانہ حملے کا معاملہ، مقامی عدالت نے بول نیوز کے اینکر اور صحافی اسد کھرل کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
گزشتہ روز ملزم کی جانب سے قاتلانہ حملے میں اے ایس پی محمد شعیب میمن معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
رپورٹس کے مطابق ملزم اسد کھرل کی جانب سے گھر میں اپنی بیوی اور والدہ کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع پر اے ایس پی محمد شعیب موقع پر پہنچے، اس دوران جھوٹی کال چلانے والے ملزم نے اے ایس پی سے جھگڑا شروع کر دیا۔ جھگڑے کے دوران ملزم اسد کھرل نے فائرنگ کی جس سے اے ایس پی شعیب معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔
اے ایس پی محمد شعیب پر قاتلانہ حملہ کرنیوالے صحافی اسد کھرل کے گھر پر تعینات سکیورٹی اہلکاروں کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ کے مطابق ملزم اسد کھرل نے گھر پر تعینات پولیس اہلکاروں سے سرکاری گن چھینی اور گن چھیننے کے بعد فائرنگ کی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ملزم کی فائرنگ کے دوران اہلکاروں نے زمین پر لیٹ کر جانیں بچائیں، ملزم کو گزشتہ رات گرفتار کر کے تھانہ کاہنہ منتقل کر دیا گیا تھا۔
https://twitter.com/irfanmalikC42/status/1417739760131579904?s=19
پولیس نے ملزم اسد کھرل کو مجسٹریٹ حارث صدیقی کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے 14 روز کا جسمانی ریمانڈ طلب کیا جس پر مجسٹریٹ نے 4 روز کا ریمانڈ دیتے ہوئے ملزم کو دوبارہ 25 جولائی کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کی رات 7 بجے کاہنہ کی نجی سوسائٹی میں پیش آیا تھا۔