15

پاک بھارت کشیدگی: سندھ بھر میں سیکیورٹی انتظامات کیلئے حکمت عملی تیار

کراچی (ویب ڈیسک) صوبائی سیکیورٹی انتظامیہ نے پاک بھارت کشیدگی کی صورت میں سندھ کے اندر فوج اور رینجرز کی عدم موجودگی میں چینی باشندوں سمیت دیگرغیرملکیوں کی حفاظت کے لیے مربوط منصوبہ تیار کرلیا۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ دفاعی اداروں اور انتظامیہ کے مابین متعدد اجلاس ہوئے جس میں ممکنہ طور پر پاک بھارت کشیدگی کی صورت میں حکمت عملی پر بات چیت ہوئی۔

ایک اعلیٰ پولیس افسر نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دفاعی اداروں اور صوبائی انتظامیہ کے مابین تقریباً 4 اجلاس ہوئے جس میں متعدد مسائل پر بات چیت ہوئی اور فیصلے بھی لیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ پولیس ریپڈ فورس (آر آر ایف) سیکیورٹی فورسز کی جگہ غیرملکیوں کو مکمل تحفظ فراہم کریں گی۔

علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں داخلی محاذ پر انتہاپسند اور شرپسند عناصر فائدہ اٹھا کر پر امن ماحول کو سبوتاژ کر سکتے ہیں تاہم کسی بھی ایسی آزمائش سے نمٹنے کے لیے مکمل حکمت عملی تیار کی جا چکی ہے۔

اس دوران پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پی سندھ ڈاکٹر سید کلیم عمران نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور سندھ بھر میں تاحکم ثانی ’ریڈ الرٹ‘ جاری کردیا۔

اس کے علاوہ تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی اور انہیں متعلقہ محکموں میں فوری رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی۔

بتایا گیا کہ ’صوبے بھر میں ضلع اور ڈویژن کی سطح پر سیکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ کے لیے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم تشکیل دیا جائےگا‘۔

دوسری جانب سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر نے بتایا کہ پاکستان کی وار بک آج سے شروع ہے تاہم وار بک کے تحت بھارت کی طرف سے مزید جارحیت کیلیئے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے لیے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم قائم کرکے اسے جی ایچ کیو اور دیگر اداروں سے مشاورت کی جا سکے گی۔

سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ سندھ میں ہیلتھ، فوڈ، انرجی اور ڈزاسٹر مینیجمینٹ کے کنٹرول روم اور ڈویزنل اور ڈسٹرکٹ سطح پر بھی کنٹرول روم بنائے جا رہے ہیں۔

چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی وزارت داخلہ کے ساتھ وڈیو بریفنگ کے بعد سیکریٹری داخلہ سندھ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ پل اور ڈیمز سمیت اہم مقامات کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ شھر میں خوف پیدا نہیں کرنا چاہتے لیکن شھریوں سے گذارش ہے کہ انرجی، فوڈ اور واٹر کا مناسب استعمال کریں اگر حالات خراب ہوئے تو ضرورت پڑ سکتی ہے۔

سیکریٹری داخلہ نے آج سے تمام اسپتالوں اور بلدیاتی اداروں میں الرٹ جاری اور چھٹیاں منسوخ کردی۔

قاضی کبیر کا کہنا تھا کہ وار بک کے مطابق سرحدی علاقے گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، عمر کوٹ کی بارڈر مینیجمینٹ کی ہدایات جاری کر رہے ہیں تاہم اگر حالات خراب ہوئے تو سرحدی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے انتظامات کریں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں