افغان سیکیورٹی فورسز نے صوبہ ہرات کے ضلع کروخ پر دوبارہ قبضہ کر لیا

ہرات (بیورورپورٹ) افغانستان میں سرکاری فورسز نے ایک جوابی کارروائی کے دوران مغربی صوبہ ہرات کے ضلع کرخ پر دوبارہ قبضہ اور 15 طالبان عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

صوبائی حکومت نے جمعہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ یہ جوابی کارروائی جمعہ کے اوائل میں شروع کی گئی اور کچھ ہی گھنٹوں میں عسکریت پسندوں کو بے دخل کر دیا گیا جس کے بعد سیکورٹی فورسز نے وہاں امن و امان کو بحال کردیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کم از کم 15 طالبان جنگجو ہلاک اور 20 دیگر زخمی ہو گئے ہیں، مزید کہا گیا ہے کہ علاقے کو باغیوں سے پاک کیے جانے تک کلین اپ آپریشن جاری رہے گا۔

گزشتہ ایک ماہ میں صوبہ ہرات کے درجن بھر سے زائد اضلاع پر قبضہ کر لینے والے طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک ضلع کرخ کی صورتحال پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے ایک ترجمان فواد امان نے کہا ہے کہ مئی کے اوائل میں امریکہ کی زیرقیادت افواج کا افغانستان سے انخلاء شروع ہونے کے بعد سے ہی طالبان تنظیم کے قبضہ میں جانیوالے تمام اضلاع پر دوبارہ قابض ہونے کیلئے سرکاری فورسز جلد ہی جوابی کارروائیوں کا آغاز کرینگی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں