کابل: افغان حکومت کی درخواست پر طالبان پر بمباری تیز کر دی، امریکی جنرل

کابل (ڈیلی اردو) امریکا کے افغان مشن کے سربراہ جنرل فرینک میکنزی نے کہا ہے کہ افغان فورسز کی درخواست پر طالبان کے خلاف بمباری تیز کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کابل میں اشرف غنی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل میکنزی نے کہا کہ طالبان نے حملے جاری رکھے تو پھر امریکا بھی بمباری میں تیزی کو برقرار رکھے گا۔

ادھر قندھار پر قبضے کیلئے افغان فوج اور طالبان میں شدید لڑائی کا سلسلہ جاری ہے، 22 ہزار خاندان علاقے سے نقل مکانی کرگئے۔

ادھر کابل میں 7 سکیورٹی اہلکاروں کو گولی مار دی گئی۔ ضلع شکر درہ میں 5 سرکاری ملازمین کو گولی ماری گئی۔

افغان فورسز نے عید کے موقع پر صدارتی محل پر ہونے والے راکٹ حملوں میں ملوث کمانڈر سمیت چار طالبان دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔ طالبان نے کنڑ کے پاکستان سے ملحقہ ضلع نری پر قبضہ کرلیا۔

ادھر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ افغانستان میں حکومتی دستوں کا پہلا کام طالبان دہشت گردوں کی پیش قدمی روکنا ہے اور طالبان کی یلغار کی رفتار میں کمی کے بعد ہی ان کے زیر قبضہ علاقے آزاد کرانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں