سعودی اتحاد کے فضائی حملوں میں حوثیوں کی کمک تباہ

صنعاء (ڈیلی اردو/شِنہوا) یمن کے وسطی صوبے مآرب میں سعودی زیرقیادت اتحاد کے فضائی حملوں کے دوران حوثی باغیوں کی کمک کو تباہ کر دیا گیا ہے جبکہ باغیوں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کی سرکاری فورسز کے خلاف اپنی زمینی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔

مآرب میں ایک فوجی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر منگل کے روز چینی خبر رساں ادارے شِنہوا کو بتایا کہ ضلع صرواح اور اس سے ملحقہ علاقوں میں باغیوں کی متعدد گاڑیوں کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے اور ان میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شدید جھڑپیں اور توپ خانے سے گولہ باری کا تبادلہ جاری ہے جبکہ یمن کی سرکاری فورسز نے حوثیوں کے مزید زمینی حملے پسپا کر دیئے ہیں۔

دریں اثناء حوثیوں کے زیرانتظام چلنے والے المسیرہ ٹی وی نے بتایا ہے کہ سعودی زیر قیادت اتحاد نے مآرب کے مغربی اور جنوبی حصوں میں صرواح، رغوان، جبل مراد اور مجزر اضلاع پر 18 فضائی حملے کیے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں