کابل میں افغان پائلٹ کے قتل کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی

کابل (بیورو رپورٹ) طالبان نے افغان پائلٹ پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل میں ایک دھماکہ میں افغان ائیرفورس کا پائلٹ ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے تھے، افغان پائلٹ حامد اللہ عظیمی جیسے ہی گاڑی میں سوار ہوئے تو ان کی گاڑی ایک بم دھماکا ہوا۔

افغان ائیر فورس کے مطابق حامد اللہ عظیمی نے 4 سال خدمات انجام دیں اور وہ امریکی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر چلانے کی صلاحیت رکھتے تھے تاہم ایک سال قبل حامد اللہ عظیمی سیکیورٹی خدشات کے باعث اہل خانہ کے ہمراہ کابل منتقل ہوگئے تھے۔

دوسری جانب ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں حامد اللہ عظیمی پر حملہ کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ پر حملہ طالبان نے کرایا تھا جب کہ طالبان اس سے قبل امریکی تربیت یافتہ پائلٹس کو ٹارگٹ کرکے مارنے کے منصوبے کا اعتراف کرچکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں