اسلام آباد (ڈیلی اردو) افغانستان کے حوالے سے اپنے پہلے بیان میں پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’افغانستان میں انھوں نے غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں۔‘
پیر کو اسلام آباد میں یکساں قومی نصاب کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’اصلی غلامی سے زیادہ بری ذہنی غلامی ہے اور اس کی زنجیریں توڑنا زیادہ مشکل ہوتا ہے۔‘
نصاب میں انگریزی زبان کے استعمال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی بچہ انگریزی تعلیم حاصل کرتا ہے تو وہ صرف زبان ہی نہیں بلکہ ان کی پوری ثقافت اپنا لیتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’افغانستان میں (لوگوں) نے غلامی کی زنجیریں توڑ دی ہیں‘ اور زور دیا کہ ’غلام ذہن کبھی بھی بڑے کام نہیں کر سکتا۔‘