ماسکو (ڈیلی اردو/بی بی سی) روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ افعانستان کی وادی پنجشیر میں امراللہ صالح اور احمد مسعود کی قیادت میں طالبان مخالف مزاحمت جنم لے رہی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سرگئی لاوروف نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبان کے پاس اب بھی پورے ملک کا قبضے نہیں ہے۔
’وادی پنجشیر سے اطلاعات ہیں کہ وہاں مزاحمت جنم لے رہی ہے جہاں امراللہ صالح اور احمد مسعود موجود ہیں۔‘ اُنھوں نے ایک مرتبہ پھر افغانستان میں تمام دھڑوں کی ’نمائندہ حکومت‘ بنانے کے لیے کثیر فریقی مذاکرات پر زور دیا۔
واضح رہے کہ پنجشیر وادی افغانستان کے شمال مشرق میں واقع ہے۔
سوشل میڈیا پر حالیہ دنوں میں وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شمالی اتحاد کے ہلاک رہنما احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود وہاں امراللہ صالح کے ساتھ مل کر طالبان کے خلاف گوریلا مزاحمت کی تیاری کر رہے ہیں۔