بیروت (ڈیلی اردو/شِنہوا) لبنان اور ترکی کے 2 مسافر ہوائی جہاز جمعرات کی رات کو لبنان کی فضائی حدود سے گزر کر شام میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی میزائلوں سے بچ گئے ہیں۔
بیروت میں رفیق حریری بین الاقوامی ہوائی اڈے پر شہری ہوابازی کے ڈائریکٹر جنرل فادی الحسن نے ٹی وی چینل الجدید کو بتایا کہ شام اور قبرص میں کنٹرول ٹاورز نے 2ہوائی جہازوں کو اسرائیل کی جانب سے چلائے گئے میزائلوں کے باعث اپنے راستے تبدیل کرنے کا کہا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعدازاں ہوائی جہاز محفوظ طریقے سے بیروت ہوائی اڈے پر اتر گئے۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے جمعرات کی رات کو ہمسایہ شام میں حزب اللہ اور ایران کے مبینہ اہداف پر حملہ کرنے کیلئے میزائل چلائے۔
لبنان کی فوج نے ایک بیان میں کہاہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر لبنان میں اقوام متحدہ عبوری فورس (یواین آئی ایف آئی ایل) سے بات چیت کررہی ہے۔